Views: 11

حزب الطلبۃ

 

دارالعلوم میں طلبہ کی ایک انجمن بھی ہے،جسے ’’حزب الطلبۃ‘‘ کہاجاتاہے ۔ اس انجمن کے اراکین وعہدیداروں کا انتخاب ،تعلیمی سال کی ابتداء میں طلباء خودکرتے ہیں ،اس انجمن کا ایک کتب خانہ اوردارالأخبارہوتاہے،جس کی نگرانی طلباء کے ذمہ ہوتی ہے ۔

دارالعلوم میں حزب الطلبہ کے کتب خانہ میں طلباء کے لئے علم وادب سے متعلق نفیس کتابیں ہیں ،جن سے طلباء خوب خوب استفادہ کرتے ہیں ،اس کتب خانہ کی نگرانی وانتظام طلباء کے ہاتھ میں رہتاہے ، معتمدِ دارالکتب کی نگرانی میں یہ کتب خانہ اپناکام انجام دیتاہے،اس طرح بزمِ سلیمانی اوربزمِ خطابت کے ذریعہ طلباء کو تحریر وتقریرکی مشق بھی کرائی جاتی ہے،پھرسالانہ انعامی مقابلوں کے بعدطلباء میں انعامات تقسیم کیئے جاتے ہیں ، بزم ثقافت کے ذریعہ طلبہ صحافت ودیگر ثقافتی سرگرمیاں انجام دیتے ہیں اس بزم ثقافت کے تحت ایک سالانہ طلبہ کا مجلہ “الثقافۃ” اور متعدد جداریے شائع ہوتے رہتے ہیں اور وقتا فوقتا بیت بازی ومشاعرہ اور نعت خوانی کی محفلیں منعقد ہوتی رہتی ہیں ۔

جسمانی ورزش اورکھیل

دارالعلوم تاج المساجد میں ابتداء سے ہی کھیل کاخاص اہتمام کیاجاتاہے ،طلباء میں سے جنرل کپتان اوروائس جنرل کپتان کا انتخاب ہوتاہے، پھرکھیل کی ہرقسم کے لئے کیپٹن مقررکیاجاتاہے،جسے طلباء ہی منتخب کرتے ہیں ۔ اس طرح کرکٹ،فٹ بال،والی بال،رِنگ بال،ٹیبل ٹینس پابندی سے عصرتامغرب ہوتے ہیں ۔

کھیل کے تمام سامان کی فراہمی دارالعلوم کرتاہے،ابھی چند سال قبل دارالعلوم میں ایک جم ہال کابھی افتتاح ہوچکاہے،جس میں طلبہ ماہراستاد کی نگرانی میں ورزش کرتے ہیں ۔